منگل، 27 مئی، 2014

پاکستانی اداروں کا مختصر تعارف

ہماری آج کی پوسٹ میں پیش خدمت ہے وطن عزیز کے چند اہم اداروں کا مختصر تعارف۔ ہم ان اداروں کے نام اور کام پر مختصراً روشنی ڈالیں گے۔ ہماری یہ تحریر ان لوگوں کے لئے ہے  جو پاکستانی اداروں سے زیادہ واقف نہیں۔  چلئے وقت ضائع کئے بغیر ہم ان اداروں کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔
:نیب
یوں تو یہ محکمہ انسداد بدعنوانی کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن اس محکمے کی گراں قدر خدمات پر یار لوگ اسکومحکمہ امداد بدعنوانی سے یاد کرتے ہیں۔ اس محکمے کا کام کرپشن کے ثبوت مٹانا ہے۔ یہ محکمہ بڑے پیمانے پر کرپشن کے مواقع فراہم کرتا ہے اور جو اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور چھوٹی کرپشن تک محدود رہے اسکو سزا دیتا ہے تاکہ وہ آئیندہ یہ حرکت نا کرے اور کرپشن کرنے والوں کی تعداد  میں قرار واقع کمی ہو سکے۔ آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ اس محکمے کا مشن معاشرے سے کرپٹ افراد کو کم کرنا کیونکہ کرپشن اور کرپٹ افراد ایک دوسرے کے راست تناسب ہوتے ہیں۔

:ٹیکس
 اس ادارے کا کام لوگوں سے ٹیکس کی وصولی ہے لیکن وطن عزیز کے مخدوش حالات کے پیش نظر یہ ادارہ لوگوں کی رہنمائی کرتا ہے کہ وہ کس طرح کم پیسوں میں زیادہ ٹیکس سے بچ سکتے ہیں۔ یہ ادارہ پوری تندہی سے اپنے کام میں سر گرم عمل ہے۔ اب تک یہ محکمہ ملک کے کئی مستحق اور نادار لوگوں کو بڑے پیمانے  پر ریلیف مہیا کر چکا ہے۔ اس ادارے کا مشن ٹیکس فری سوسائٹی کا قیام ہے۔

:کسٹم
یہ محکمہ بھی لوگوں کو اپنی استطاعت سے بڑھ کر ریلیف مہیا کر رہا ہے۔ اس ادارے کے ملازمین کسٹم کی ذمہ داریاں سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم قصائی کا کام بھی کرتے ہیں اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار مفت میں کھال اتارنے کا کام بڑی تندہی سے کرتے ہیں۔ جو کہ مہنگائی کے اس دور میں بہت بڑی خدمت ہے۔

:واپڈا
اس محکمے کا کام لوگوں کو بروقت بلوں کی ترسیل کرنا ہے اور انہیں لوڈشیڈنگ کے دورانیے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی تواریخ کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرنا ہے۔ نیز یہ محکمہ ہر صوبے میں بجلی کے تاروں میں پڑنے والے کنڈوں کی تعداد اور تفصیل بحساب حلقہ بھی بتاتا ہے۔ اگر آپ گھریلو اور کمرشل استعمال کیلئے کوئی پیکج چاہتے ہیں تو وہ بھی محکمہ آپکو مہیا کرتا ہے۔ گھریلو استعمال کیلئے آپ میٹر ریڈر اور لائن مین سے رابطہ کر اس سے چائے کے کھوکھے پر میٹنگ کر سکتے ہیں اور کمرشل کیلئے آپ کسی اچھے ہوٹل میں کسی آفیسر سے میٹنگ کر کے پیکج لے سکتے ہیں۔

:پی آئی اے
 باکمال لوگ لاجواب سروس۔ یہ سروس واقعی لاجواب ہے اور اسکو چلانے والے اس سے بڑھ کر باکمال جو انتہائی نامساعد حالات کو باوجود اسکو بند نہیں ہونے دے رہے یہ محکمہ صحیح معنوں میں انسان دوست واقعی ہوا ہے اگر آپ بے روزگار ہیں اور زیادہ پڑھے لکھے بھی نہیں تو یہ محکمہ آپکو اپنی آغوش میں لے لے گا آپ صرف میٹرک کر کے پائلٹ بھی بھرتی ہو سکتے ہیں اور اگر آپکی قسمت تھوڑی سی اچھی ہو تو ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر بھی لگ سکتے ہیں۔ یہ محکمہ دنیا بھر کے گراؤنڈ طیارے خرید کر استعمال میں لاتا ہے جس نئے طیارے کے پیسے بچ جاتے ہیں۔ اس کفایت شعاری کی وجہ سے خزانے پر زیادہ بوجھ نہیں پڑتا۔

:ریلوے
یہ محکمہ بھی ایک سابق درویش صفت وزیر کی وجہ سے درویشانہ روش اختیار کر چکا ہے۔ اسکے اثاثے لوگ مفت میں استعمال کر رہے ہیں لیکن یہ چندہ اور خیرات پر ہی اپنا گزارہ کر رہا ہے۔ یہ لوگوں کو کم پیسوں میں محفوظ چھت مہیا کرتا ہے اگر آپکو کرایہ نہ دینے یا کسی اور وجہ سے مالک مکان اپنے گھر سے نکال چکا ہے تو آپ اپنا سامان لیکر اسٹیشن پر کھڑے کسی ڈبے میں بسیرا کر سکتے ہیں اور اگر آپ سیرو سیاحت کے شوقین بھی ہیں تو ایک ٹکٹ خرید لیں چند سو کلو میٹر تو آپ مہینہ بھر میں پھر ہی لیں گے یوں آپکا کرایہ بھی بچ جائے گا رہنے کی جگہ بھی اور لگے ہاتھوں سیر بھی۔

:پاسپورٹ
یہ محکمہ صحیح معنوں میں آپکے دل میں وطن سے محبت کا احساس پیدا کرتا ہے۔ اگر آپ باہر جانے کی خواہش لئے پاسپورٹ بنوانے جاتے ہیں تو وہاں درپیش حالت دیکھ کر آپکی باہر جانے کی خواہش دم توڑنے لگتی ہے لیکن اگر آپ ضرورت سے زیادہ ڈھیٹ ثابت ہوئے ہیں تو آپکا کوئی علاج نہیں۔ اسلئے اپنا ملک چھوڑنے کی سزا کے طور پر آپکی اعلیٰ قسم کی ورزش کرائی جاتی ہے لیکن اگر آپ لمبی لمبی لائنوں میں نہیں لگ سکتے تو آپ کسی خدائی فوجدار کو پکڑ کر اسے تھوڑا سا نذرانہ دیں تو آپکا کام تھوڑی ہی دیر میں ہو سکتا ہے لیکن ساتھ میں آپکو لائن میں لگے افراد کی گالیاں بھی سننا پڑیں گی۔ لیکن انکی فکر آپ مت کریں ڈھیٹ پن کا مظاہرہ تو آپ پہلے ہی کر چکے ہیں تھوڑا سا اور سہی۔

:رویت ہلال
یہ محکمہ چاند دیکھنے کا کام کرتا ہے اور سال میں ایک بار چاند چڑھاتا بھی ہے۔ اس محکمے اور خیبر پختونخواہ کے پٹھانوںمیں اٹ کتے کا ویر ہے ۔ اس محکمے میں چاند دیکھنے پر ایسے دوراندیش افراد کو مامور کیا جاتا ہے جو اپنے سامنے پڑی وی چپل بھی نہیں دیکھ پاتے۔ انکی قریب کی نظر عام طور پر کام نہیں کرتی لیکن دور اندیشی کے وصف کی بنا پر یہ لوگ اس محکمے میں کام کر رہے ہیں کیونکہ اس محکمے کا سب سے اہم کام یعنی چاند چڑھانا دور اندیشی کے بنا ممکن نہیں۔ 

15 تبصرے:

  1. واہ واہ واہ

    کیا خوب لکھا ہے، اتنا عرصہ نا لکھنے کا مداوا ہو گیا.

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بے حد شکریہ جی :)
      وہ جی در اصل میرے دماغ کی پروسیسنگ وی میری طرح بہت سست ہے۔

      حذف کریں
  2. بلاگ پر تشریف آوری اور پسندیدگی کا شکریہ :)

    جواب دیںحذف کریں
  3. ایک دم درست ڈسکرپشن بیانی سارے محکموں کی (y)

    جواب دیںحذف کریں
  4. ہا ہا ہا بہت اعلی تعارف پیش کیا آپ نے ۔ ویسے تو تما تعارف بالکل درست ہیں مگر واپڈا کے ساتھ آپ نے تھوڑی سی زیادہ ہی کردی یار گرمی زیادہ ہوگئی ہے یہ تو پھِر اللہ میاں کا کام ہے آپ نے واپڈا شریف کو رگڑا لگان شُروع کردیا ہے

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بہت شکریہ جناب :)
      واپڈا کے ساتھ میں نے کیا کرنا جی اب تو جو کرنا عابد شیر علی نے کرنا

      حذف کریں
  5. بہت خوب جی۔
    کیا ہی عمدہ تعارف لکھا ہے ہمارے جغادری محکمہ جات کا

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بلاگ پر تشریف آوری اور حوصلہ افزائی کا شکریہ :)

      حذف کریں
  6. بہت عرق ریزی کے بعد یہ تعریفیں وضع کی ہونگی ۔ ۔ ۔ دلچسپ

    جواب دیںحذف کریں

بلاگ پر تشریف آوری کا شکریہ